Baaghi TV

آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی، متحدہ عرب امارات عالمی کوششوں میں کردار ادا کرنے کو تیار

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں سمندری سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے کوئی بین الاقوامی اقدام سامنے آتا ہے تو وہ اس میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بات اماراتی صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے کہی۔

منگل کو کونسل آن فارن ریلیشنز میں گفتگو کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہا کہ ابوظہبی کشیدگی میں مزید اضافے سے بچنے پر توجہ دے رہا ہے، تاہم اہم عالمی گزرگاہ میں محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اتحادی ممالک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کے تحفظ کے لیے جنگی بحری جہاز بھیجنے کی درخواست پر کئی امریکی اتحادی ہچکچاہٹ کا شکار دکھائی دیے۔

انور قرقاش نے آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی سیکیورٹی کی ذمہ داری صرف خطے کے ممالک تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک عالمی ذمہ داری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کا ممکنہ کردار کسی وسیع تر بین الاقوامی اقدام کا حصہ ہوگا، جس کی قیادت ممکنہ طور پر امریکہ کرے گا اور جس میں ایشیا، یورپ اور دیگر خطوں کے ممالک بھی شامل ہوں گے۔ان کے بقول، “فی الحال کسی باقاعدہ منصوبے کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور تجارت یا توانائی کے معاملات پر دنیا کو یرغمال بنانا قابل مذمت ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے مختلف ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے اور جیسے ہی کوئی مربوط حکمت عملی سامنے آئے گی، متحدہ عرب امارات اس کا حصہ بننے کے لیے تیار ہوگا۔

More posts