پاکستان کے معمر ترین ویلڈر نسیم الدین نے 74 سال کی عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
نسیم الدین نے ہاتھ میں انڈا پکڑ کر 38 ماربل ٹائل توڑنے کا منفرد کارنامہ انجام دیا، جس سے انہوں نے سابقہ 30 ٹائلز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ حکام نے ان کے اس کارنامے کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے آفیشل ویب سائٹ پر ریکارڈ اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔
اس سے قبل بھی نسیم الدین اپنے مُکے سے 163 اخروٹ توڑنے اور ایک ہاتھ سے سیب کچلنے کے عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں، جس کے بعد یہ ان کا تیسرا عالمی ریکارڈ بن گیا ہے۔
نسیم الدین کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو عالمی ریکارڈز بنانے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ان کے بیٹے راشد نسیم 150 سے زائد عالمی ریکارڈز کے ساتھ دنیا میں سب سے زیادہ ریکارڈ بنانے والے افراد میں شامل ہیں، جبکہ ان کی بہو، پوتی اور پوتا بھی کئی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔
نسیم الدین نے اپنے اس ریکارڈ کو فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور پاکستان آرمی کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی تمام پاکستانیوں کے لیے ہے جو اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں۔
74 سالہ نسیم الدین کی گنیز ورلڈ ریکارڈ ہیٹ ٹرک، نئی تاریخ رقم
