Baaghi TV

وزیراعظم کا انڈونیشیا میں زلزلے سے نقصان پر اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے زلزلے سے متاثرہ افراد اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے انڈونیشیا کے صدر اور عوام سے بھی اظہار تعزیت کیا-کہاکہ،پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستان مشکل وقت میں اپنے برادر ملک کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں زلزلے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں، انہوں نے قدرتی آفت کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی، جبکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر، حوصلے، طاقت اور استقامت کی دعا بھی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان انتہائی افسوسناک ہے پاکستان اس مشکل گھڑی میں برادر ملک انڈونیشیا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔

وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا نقصان ناقابل تلافی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ انڈونیشیا کی حکومت اور عوام باہمی اتحاد اور عزم کے ساتھ اس قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔

More posts