Baaghi TV

ٹرمپ نے 100 ملین ڈالرز کے عوض ایلون مسک سے صلح کرلی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان گزشتہ برس کے شدید سیاسی اور ذاتی اختلافات کے بعد ایک بار پھر رابطے بحال ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک اب تقریباً ہر ماہ میں ایک مرتبہ گفتگو کرتے ہیں، اس دوران ٹیکنالوجی، چین اور عالمی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوتا ہے دونوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کو سیاسی مفادات اور باہمی ضرورت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق رواں سال مئی میں ایلون مسک کا صدر ٹرمپ کے ہمراہ چین کا سفر بھی دونوں کے تعلقات میں بہتری کی اہم علامت ثابت ہوا،سفر کے دوران مسک نے امریکا میں نئی فیکٹریاں قائم کرنے کے منصوبوں پر ٹرمپ سے گفتگو کی، جبکہ دونوں کے درمیان خلائی پروگرام اور دیگر ذاتی و سیاسی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

دوسری جانب ایلون مسک نے نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہےایلون مسک کا سپر پی اے سی ریپبلکن امیدواروں اور ووٹر ٹرن آؤٹ بڑھانے کی مہم کے لیے کم از کم 100 ملین ڈالر خرچ کرے گا، جبکہ بعض رپورٹس میں یہ رقم 120 ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بھرپور مالی اور سیاسی حمایت کی تھی اور ان کی انتخابی کامیابی کے لیے بڑی رقم خرچ کی تھی ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد ایلون مسک نے وائٹ ہاؤس میں بھی اہم کردار ادا کیا، تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

جون 2025 میں اختلافات اس وقت کھل کر سامنے آئے جب ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اہم ٹیکس و اخراجات کے قانون پر تنقید کی، جس کے بعد دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات دیئے، ایلون مسک کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد تنازع مزید شدت اختیار کر گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اب دونوں کے درمیان رابطے بحال ہونے کے باوجود ٹرمپ کا خیال ہے کہ سابقہ جیسی ذاتی قربت دوبارہ قائم ہونا مشکل ہےتاہم سیاسی تعاون کی بحالی اور ریپبلکنز کے لیے مسک کی مالی حمایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں نے اختلافات کو ایک حد تک پسِ پشت ڈال کر باہمی مفادات کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے-

More posts