Baaghi TV


اسلام آباد فارم ہاؤس ڈکیتی، معروف بزنس مین عامر اعوان قتل


اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں واقع مارگلہ ٹاؤن کے ایک فارم ہاؤس میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے معروف بزنس مین عامر اعوان کو قتل کر دیا گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد فارم ہاؤس میں داخل ہوئے اور واردات کے دوران فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ٹویوٹا موٹرز سے وابستہ بزنس مین عامر اعوان اپنے بیڈ روم میں جان کی بازی ہار گئے۔
‎ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
‎قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔
‎ماہرین کے مطابق دارالحکومت میں اس نوعیت کے واقعات سیکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھاتے ہیں اور شہریوں میں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھا سکتے ہیں۔

More posts