Baaghi TV

بہت تکلیف برداشت کر لی،اداکارہ مومنہ کی بہن پھٹ پڑیں

اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہن نے اس معاملے میں بہت تکلیف برداشت کی، تاہم اب میڈیا ٹرائل کے باعث انہیں اپنا مؤقف عوام کے سامنے پیش کرنا پڑ رہا ہے۔

رمشا اقبال نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے کبھی ثاقب سے پیسے نہیں مانگے، بلکہ مبینہ طور پر انہیں کیس ختم کرنے کے لیے رقم لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی شخصیات کے ذریعے بھی معاملہ ختم کرنے اور معافی تلافی کی کوشش کی گئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ثاقب اور ان کی اہلیہ نے ان کے وکیل عدنان احسن خان کو خود پیغامات بھیجے۔ رمشا اقبال کے مطابق ان کا مؤقف پہلے دن سے واضح تھا کہ ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ عوامی سطح پر آکر معافی مانگیں۔رمشا اقبال نے کہا کہ ان کے پاس بہت سے شواہد موجود ہیں جو وہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثبوت متعلقہ ادارے میں جمع بھی کروائے گئے تھے، تاہم قانونی کارروائی کے دوران انہیں میڈیا پر پیش نہیں کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر معاملے کو میڈیا ٹرائل کے ذریعے عوام کے سامنے لایا جائے گا تو وہ بھی مقدمے سے متعلق اپنا مؤقف اور شواہد عوام کے سامنے رکھنے پر مجبور ہوں گے۔

رمشا اقبال نے حمزہ حبیب کے خلاف درج ایف آئی آر اور تفتیش کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چار ماہ گزرنے کے باوجود کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) حاصل نہیں کیا گیا۔ان کے مطابق متعلقہ تفتیشی افسر کی جانب سے کال ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مختلف درخواستیں بھی دائر کی گئیں اور دفعہ 406 کے تحت مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی گئی۔رمشا اقبال نے مزید دعویٰ کیا کہ عدالت سے ایف آئی آر کے لیے حکم حاصل کیے جانے کے بعد گھر کے قریب متعلقہ تھانے میں درخواست دی گئی، تاہم اس پر ڈائری نمبر تک درج نہیں کیا گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران رمشا اقبال نے اپنے بینک اکاؤنٹ سے متعلق بھی دعویٰ کیا کہ 90 لاکھ روپے بلال اکبر کو منتقل کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں بلال اکبر کو ان کا ڈرائیور قرار دیا گیا، جس پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ ڈرائیور تھے تو ان کے ساتھ کیا کر رہے تھے۔رمشا اقبال نے واضح کیا کہ یہ تمام باتیں اور الزامات ان کا مؤقف ہیں اور انہوں نے دستیاب شواہد متعلقہ قانونی فورم پر پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی بہن مومنہ اقبال نے بہت تکلیف برداشت کی ہے اور اب وہ قانونی کارروائی پر اعتماد رکھتے ہوئے حقائق سامنے لانا چاہتے ہیں۔

More posts