وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
موجودہ علاقائی صورتحال پر ہونے والے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں اور ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں اور پاکستان نے ہر سطح پر امن کے قیام کے لیے کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں اور اس وقت تک جنگ بندی کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں موجود پاکستان کے دو جہازوں کو بھی کامیابی سے نکالا گیا ہے، جو اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنگی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبوں نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور تمام وزرائے اعلیٰ اس حوالے سے وفاق کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تین ہفتوں کے دوران وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی ہے جبکہ پارلیمنٹرینز نے بھی تیل کی بچت کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔
پاکستان کی جنگ بندی کی کوششیں جاری، وزیراعظم
