سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور وزارتِ توانائی کے پٹرولیم ڈویژن نے ملک میں گیس کی سپلائی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گیس کی فراہمی میں کسی قسم کی نئی کٹوتی یا رکاوٹ نہیں کی گئی اور ملک بھر میں سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔
حکام کے مطابق بعض میڈیا رپورٹس میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے کا تاثر دیا گیا، تاہم یہ اطلاعات درست نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں گیس کی سپلائی کے نظام میں کوئی نئی تبدیلی نہیں کی گئی اور صارفین کو گیس کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رکھی جا رہی ہے۔
سوئی ناردرن اور پٹرولیم ڈویژن کے مطابق قطر انرجی کی جانب سے مارچ 2026 میں اعلان کیے گئے فورس میجور میں وقتاً فوقتاً توسیع ہوتی رہی ہے، جس کے بارے میں متعلقہ اداروں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کوئی نئی صورتحال نہیں بلکہ پہلے سے جاری معاملہ ہے، جس کے باعث گیس کی فراہمی میں کسی نئی بندش یا منفی اثرات کا خدشہ نہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملک میں گیس کی مجموعی صورتحال پر نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل اور وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مقامی سطح پر دستیاب قدرتی گیس کے ذخائر کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایل این جی کارگوز کا بھی باقاعدہ انتظام کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
اس کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے اور کھاد تیار کرنے والی صنعتوں کو بھی مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ مزید برآں بجلی پیدا کرنے والے شعبے کو بھی زیادہ سے زیادہ گیس فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کا مقصد بجلی کی پیداوار برقرار رکھنا اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانا ہے۔