ایرانی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے جواب میں آپریشن وعدہ صادق 4 کی 92ویں لہر کے دوران خطے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امریکی اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان کے مطابق جمعے کی صبح سے اس کارروائی کا آغاز کیا گیا جس میں ایرانی نیوی اور ایرو اسپیس فورس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس آپریشن کے دوران بیلسٹک میزائلوں اور خودکش ڈرونز کے ذریعے متعدد اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں امریکی اسٹریٹجک ریڈار سسٹمز اور بحری سازوسامان شامل ہیں۔
ایرانی دعوے کے مطابق آپریشن کے ابتدائی مرحلے میں کویت کی بندرگاہ شویخ پر موجود امریکی لینڈنگ کرافٹ یوٹیلیٹی جہازوں کو بیلسٹک میزائلوں سے تباہ کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کے خلاف حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی اور اس کا مقصد دشمن کو واضح پیغام دینا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی افواج آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔
ان دعوؤں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
ایران کا آپریشن وعدہ صادق 4، امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
