Baaghi TV

منی لانڈرنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ایف آئی اے کا نیا یونٹ قائم

‎وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملک میں منی لانڈرنگ اور مالیاتی جرائم کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا "فنانشل انٹیلی جنس یونٹ” قائم کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مشکوک مالی لین دین کی فوری اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔
‎تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی منظوری کے بعد نئی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز نافذ کر دی گئی ہیں، جن کے تحت مالیاتی جرائم کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور سخت بنایا جائے گا۔ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں قائم کیے گئے اس خصوصی یونٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
‎حکام کے مطابق ملک بھر کے تمام ایف آئی اے زونز میں "فنانشل انٹیلی جنس ڈیسک” قائم کیے جائیں گے، جن کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سطح کے افسران کریں گے۔ اس اقدام سے ملک کے مختلف حصوں میں مالیاتی جرائم کی نگرانی اور کارروائیوں کو مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔
‎نئے نظام کے تحت فنانشل مانیٹرنگ یونٹ سے موصول ہونے والی رپورٹس پر فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی منی لانڈرنگ کے کیسز کو التوا سے بچانے کے لیے واضح ٹائم فریم بھی مقرر کر دیا گیا ہے تاکہ ہر کیس کو مقررہ وقت میں منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
‎ڈی جی ایف آئی اے خود ان یونٹس کی کارکردگی کی نگرانی کریں گے تاکہ شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی مالیاتی معیار پر پورا اترنا اور ملک میں حوالہ ہنڈی جیسے غیر قانونی نظام کو ختم کرنا ہے۔

More posts