بالی ووڈ کی چمکتی دمکتی دنیا جہاں پردۂ سیمیں پر محبت کی خوبصورت کہانیاں دکھائی جاتی ہیں، وہیں حقیقی زندگی میں انہی ستاروں کی ذاتی کہانیاں اکثر فلمی اسکرپٹ سے کہیں زیادہ پیچیدہ، جذباتی اور تنازعات سے بھرپور نظر آتی ہیں۔ خاص طور پر جب بات شادی، دوسری شادی یا رشتوں کے الجھاؤ کی ہو، تو کئی اداکاراؤں کی نجی زندگی میڈیا اور عوامی بحث کا مرکز بن جاتی ہے۔
فلمی دنیا میں کئی معروف اداکارائیں ایسی رہی ہیں جنہوں نے ایسے مردوں سے شادی کی جو پہلے سے شادی شدہ یا طلاق یافتہ تھے۔ تاہم حیران کن طور پر کچھ کو معاشرے اور فلمی دنیا نے کھلے دل سے قبول کیا، جبکہ کچھ کو شدید تنقید اور “گھر توڑنے والی” جیسے القابات کا سامنا کرنا پڑا۔
بالی ووڈ میں کچھ رشتے ایسے بھی رہے جنہیں بغیر کسی تنازع کے قبول کیا گیا۔لارا دتہ نے ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی سے شادی کی، جو ان کی دوسری بیوی ہیں، لیکن اس رشتے پر کبھی کوئی بڑا تنازع سامنے نہیں آیا۔اسی طرح ودیا بالن نے پروڈیوسر سدھارتھ رائے کپور سے شادی کی، جو پہلے سے طلاق یافتہ تھے۔رانی مکھرجی نے 2014 میں فلم ساز آدتیہ چوپڑا سے شادی کی، جبکہ کرینہ کپور نے سیف علی خان سے 2012 میں شادی کی، جو پہلے ہی امریتا سنگھ سے طلاق لے چکے تھے۔اسی فہرست میں شبانہ اعظمی اور جاوید اختر کی شادی کو بھی ایک کامیاب اور باوقار رشتہ سمجھا جاتا ہے، جو آج بھی مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب کچھ اداکاراؤں کو اپنی محبت اور شادی کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔اس فہرست میں پہلا نام ہیما مالنی کا ہے، جنہوں نے 1980 میں دھرمیندر سے شادی کی۔ اس وقت دھرمیندر اپنی پہلی بیوی پرکاش کور سے علیحدہ نہیں ہوئے تھے۔ اس شادی نے پورے ملک میں بحث چھیڑ دی اور ہیما مالنی کو برسوں تک تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔اسی طرح جیا پردا نے پروڈیوسر شری کانت نہاٹا سے شادی کی، جو پہلے سے شادی شدہ تھے۔ اس فیصلے پر انہیں شدید تنقید اور سماجی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس کا اثر ان کے کیریئر پر بھی پڑا۔80 اور 90 کی دہائی کی سپر اسٹار سری دیوی کی شادی بھی تنازعات سے خالی نہ رہی۔ انہوں نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی، جو پہلے سے شادی شدہ تھے۔ اس رشتے نے میڈیا میں طوفان برپا کیا اور انہیں “ہوم بریکر” جیسے الزامات کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ بعد میں ان کی ازدواجی زندگی مستحکم رہی۔اسی طرح شلپا شیٹی نے بزنس مین راج کندرا سے شادی کی، جن کی پہلی بیوی نے ان پر شادی ٹوٹنے کا الزام لگایا۔ اس تنازع نے شلپا کو طویل عرصے تک میڈیا ٹرائل اور سوشل میڈیا تنقید کا نشانہ بنائے رکھا۔
ان تمام کہانیوں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بالی ووڈ میں رشتوں کو لے کر معاشرتی رویہ ہمیشہ یکساں نہیں رہا۔ کچھ اداکاراؤں کی محبت کو سچے جذبے کے طور پر سراہا گیا، جبکہ کچھ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ ان تمام تنازعات کے باوجود ان اداکاراؤں نے اپنے کیریئر میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں اور یہ ثابت کیا کہ ذاتی زندگی کے نشیب و فراز ان کے فن اور اسٹارڈم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
