Baaghi TV

بچپن میں "کزن”نے کیا غلط کام،حمل گرانے کیلیے کھاتی تھی پپیتا،اداکارہ کا انکشاف

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنیکا مان نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے ایک نہایت تکلیف دہ اور چونکا دینے والے واقعے سے پردہ اٹھا دیا، اداکارہ نے بتایا کہ بچپن میں پیش آنے والا ایک واقعہ ان کی پوری زندگی پر گہرے اثرات چھوڑ گیا تھا۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کنیکا مان نے کہا کہ وہ ایک قدامت پسند خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جہاں شوبز میں آنا آسان فیصلہ نہیں تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بھی خاندان سے چھپا کر کیا، تاہم ان کی زندگی کا سب سے مشکل باب ان کے بچپن سے جڑا ہوا ہے۔اداکارہ کے مطابق، کم عمری میں ان کے ایک قریبی رشتہ دار (چچازاد بھائی) نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا، جس نے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا۔ کنیکا نے انکشاف کیا کہ اس واقعے کے بعد وہ اپنے ہی گھر میں خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگیں اور خوف کے باعث کسی کو کچھ بتانے کی ہمت نہ کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ نہایت کم عمر تھیں اور انہیں حمل جیسے معاملات کی مکمل سمجھ بھی نہیں تھی، مگر پھر بھی وہ اس خوف میں مبتلا رہیں کہ کہیں وہ حاملہ نہ ہو جائیں۔ اسی ڈر کے تحت انہوں نے سنی سنائی باتوں پر یقین کرتے ہوئے پپیتا کھانا شروع کر دیا، کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ اس سے حمل ضائع ہو سکتا ہے۔

کنیکا مان کے مطابق، وہ اس واقعے کو برسوں تک اپنے خاندان سے چھپائے رکھیں کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ کہیں الزام انہی پر نہ آ جائے یا ان پر مزید پابندیاں نہ لگا دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت چوتھی جماعت کی طالبہ تھیں اور شدید خوف اور ذہنی دباؤ کا شکار رہیں۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ کئی سال بعد انہوں نے ہمت کر کے یہ حقیقت اپنے خاندان کے سامنے رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس واقعے نے انہیں اندر سے توڑ کر رکھ دیا تھا، مگر وقت کے ساتھ انہوں نے خود کو سنبھالا اور اب وہ اس صدمے سے نکلنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ کنیکا مان کو ڈرامہ سیریل "گڈن تم سے نہ ہو پائے گا” اور مقبول شو "ناگن” میں اداکاری کے باعث خاصی شہرت حاصل ہوئی، جہاں ان کی پرفارمنس کو ناظرین نے خوب سراہا۔

More posts