Baaghi TV


شیخ حسینہ نے دسمبر میں وطن واپسی اور عدالت میں خود کو پیش کرنے کا اعلان کر دیا

hasina

‎بنگلہ دیش کی معزول سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دسمبر میں اپنی جماعت عوامی لیگ کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس جائیں گی اور عدالت کے سامنے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کریں گی۔
‎برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں 78 سالہ شیخ حسینہ نے کہا کہ انہیں معلوم ہے واپسی پر انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے یا ان کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے ملک واپس جانے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔
‎شیخ حسینہ نے کہا، "وہ مجھے گرفتار کر سکتے ہیں، حتیٰ کہ قتل بھی کر سکتے ہیں، لیکن مجھے اپنے وطن ضرور جانا ہے۔ اگر موت آنی ہے تو میں چاہتی ہوں کہ وہ اپنی سرزمین پر آئے، جہاں میرے والدین دفن ہیں اور جہاں ان کا خون بہا تھا۔”
‎شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے بعد اقتدار سے محروم ہونے پر بھارت منتقل ہو گئی تھیں، جہاں سے وہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کے جنگی جرائم سے متعلق خصوصی ٹریبونل نے نومبر میں ایک مقدمے میں انہیں غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کو طاقت کے ذریعے کچلنے کے احکامات دیے تھے۔ شیخ حسینہ ان تمام الزامات کو مسترد کرتی رہی ہیں۔
‎انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے اپنی واپسی کے فیصلے پر کسی بھی غیر ملکی حکومت سے مشاورت نہیں کی اور وہ اپنی مرضی سے وطن واپس جا کر عدالت میں پیش ہوں گی۔ ان کے مطابق عوامی لیگ کے دیگر جلاوطن رہنما بھی ان کے ساتھ واپسی اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
‎سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ عوامی لیگ کے ہزاروں کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے ہیں اور متعدد افراد روپوش ہونے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی کارروائی کے ذریعے یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ ان کے خلاف مقدمات کی حقیقت کیا ہے۔
‎شیخ حسینہ نے کہا کہ اگر انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ بھی ملی تو بھی عوامی لیگ کو سیاسی عمل سے باہر نہیں رکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ عوام کو کرنا چاہیے، اور اگر ان کی جماعت نے غلطیاں کی ہیں تو اس کا فیصلہ بھی ووٹرز پر چھوڑ دیا جائے۔
‎دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے شیخ حسینہ کے تازہ بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا، جبکہ بھارت کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی نیا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

More posts