وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے مختلف صوبوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے سیلاب سے دوچار ترک عوام سے دلی ہمدردی اور ہلاکتوں پر تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے کہا کہ رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔
بیان میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی دعائیں اور نیک تمنا ئیں اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں،پاکستان اس آزمائش کی گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو امدادی اور بحالی کی کوششوں میں ہر ممکن انسانی اور مادی تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں سیلاب اور خراب موسم کے باعث غازی انتیپ، شانلی اورفہ اور آدی یمان ملحقہ علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا ہے-
