Baaghi TV

جنگ بندی،سعودی عرب پاکستان کی سفارتی کوششوں کا معترف

Saudi Arabia

جدہ: سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور حالات کو مزید بگاڑنے سے گریز کریں۔

یہ بات جدہ میں ہونے والے سعودی کابینہ کے اجلاس میں سامنے آئی، جس کی صدارت سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے کی۔ اجلاس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ نے کشیدگی میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کم کریں اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کریں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ صورتحال پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔کابینہ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی اور سفارتی کوششوں کو سراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تنازع کے پرامن حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ سعودی قیادت نے واضح کیا کہ سیاسی اور سفارتی حل ہی خطے کو مزید بدامنی اور عدم استحکام سے بچا سکتا ہے۔اجلاس میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، کیونکہ یہ گزرگاہ عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم سمجھی جاتی ہے۔

دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کو ایسا سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے جو خطے میں پائیدار امن کا باعث بنے۔مزید برآں، کابینہ اجلاس میں سعودی وزارت انصاف اور پاکستانی وزارت قانون کے درمیان قانونی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی منظوری بھی دی گئی، جسے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts