وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام کا باعث بنیں گی، اور امن کے فروغ سے نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ بے روزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیرِ اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور تمام مسائل کا حل بات چیت اور افہام و تفہیم سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی بحران کے دوران ایران اور امریکا کی قیادت نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ایران اور امریکا کی قیادت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آئی، جو سفارتی کوششوں کی ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے وقت پاکستان کی پوری قوم فرقہ واریت اور مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد رہی، اور یہی جذبہ آئندہ بھی برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امت مسلمہ میں اتحاد، اتفاق اور یگانگت کو فروغ دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی بھی طور پر مسلمان کہلانے کے حق دار نہیں۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول تک پاکستان مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک پوری قوم متحد ہے اور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، جس سے رہنمائی حاصل کر کے ہم امن، برداشت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دے سکتے ہیں۔
