Baaghi TV

پاکستانی فلم ’شیروز‘ کا ٹریلر جاری، کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اشنہ شاہ کا منفرد کردار

پاکستانی فلم ’شیروز‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اشنہ شاہ تین الگ کہانیوں میں مختلف کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ فلم 18 ستمبر کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

فلم کے پوسٹر کی رونمائی جمعے کو کی گئی تھی، جس کے دو روز بعد ٹریلر جاری کیا گیا۔ ٹریلر میں فلم کی کہانی اور مرکزی کرداروں کی پہلی جھلک پیش کی گئی ہے۔

فلم میں تین خواتین کی تین مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں، جنہیں اپنی زندگی میں مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ کہانی تینوں خواتین کی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد اور ایک اہم فیصلے کے گرد گھومتی ہے۔

کنزہ ہاشمی فلم میں ایک آرٹ گیلری سے وابستہ کردار میں نظر آئیں گی، جہاں وہ جھوٹ اور سچ سے متعلق ایک مشہور کہاوت کا اردو ترجمہ بیان کرتی ہیں۔ ان کی کہانی میں جعلی پینٹنگز کا معاملہ بھی شامل ہے۔

زارا نور عباس نے پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے۔ ٹریلر میں انہیں بم ناکارہ بناتے، تیز رفتار گاڑی چلاتے اور موٹر سائیکل پر پولیس اسٹیشن پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اشنہ شاہ فلم میں باکسر کے روپ میں نظر آئیں گی۔ ٹریلر میں ان کے کردار کو باکسنگ کی تربیت حاصل کرنے اور بعد ازاں رنگ میں اپنی حریف کا مقابلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

’شیروز‘ کی ہدایت کاری ثاقب خان اور بدر محمود نے کی ہے، جبکہ فلم کی کہانی محسن علی، ہاشم ندیم اور آمنہ مفتی نے تحریر کی ہے۔ عمران حسین فلم کے پروڈیوسر ہیں۔

فلم کو محکمہ اطلاعات سندھ کی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ تماشا فلمز اسے پیش کررہی ہے اور اورینٹ ڈسٹری بیوشن پاکستان بھر میں فلم کی نمائش کرے گا۔ ’شیروز‘ 18 ستمبر کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

More posts