Baaghi TV

شہباز شریف کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں آمد پر کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔ افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب کے دوران مختلف ممالک کے صدور، وزرائے اعظم اور عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔ ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افتتاحی تقریب کا ایک نمایاں لمحہ اس وقت آیا جب وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ نومیڈ گیمز میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے کی اسٹیڈیم آمد پر کھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی دستے کو اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی جانب سے بھی بھرپور پذیرائی ملی۔

پاکستانی کھلاڑی ورلڈ نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ بین الاقوامی کھیلوں کا ایونٹ وسطی ایشیا کی روایتی ثقافت اور کھیلوں کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، جس میں مختلف ممالک کے کھلاڑی روایتی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ورلڈ نومیڈ گیمز میں کشتی، گھڑ دوڑ، تیر اندازی، جانوروں کے شکار سے جڑی روایتی سرگرمیوں کے علاوہ مختلف ذہنی اور فکری کھیل بھی شامل ہیں۔ ان کھیلوں کے ذریعے وسطی ایشیا کی قدیم روایات اور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جاتا ہے۔

چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں جاری رہیں گے۔ کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا اور روایتی کھیلوں و ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

More posts