Baaghi TV

افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف عوامی غم و غصہ بڑھنے لگا

افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف عوامی غم و غصہ بڑھنے لگا، صوبہ بدخشاں میں وسائل اور پوست کی فصل کے خاتمے کے معاملے پر طالبان فورسز اور مقامی شہریوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی فائرنگ سے کم از کم 2 شہری جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔مقامی جریدے افغان انٹرنیشنل کے مطابق ضلع ارگو میں کشیدگی اس وقت شدت اختیار کرگئی جب طالبان اہلکاروں نے پوست کی فصل کے خاتمے کے نام پر کارروائیاں شروع کیں، جس پر مقامی رہائشیوں نے احتجاج کیا۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر طالبان فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طالبان فورسز نے مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 شہری ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ احتجاج کا دائرہ بھی وسیع ہوتا جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق طالبان حکومت نے بدخشاں میں موبائل فون سروس بھی معطل کردی ہے تاکہ اطلاعات کے تبادلے اور مبینہ مظالم کی تفصیلات منظرعام پر آنے سے روکی جاسکیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

More posts