اسٹار وارز میں کردار ادا کرنے والے اور برطانوی تھیٹر کے ممتاز شیکسپیئرین اداکار مائیکل پیننگٹن 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
مائیکل پیننگٹن کو خاص طور پر ’اسٹار وارز: ایپیسوڈ VI – ریٹرن آف دی جیڈائی‘ میں ڈیتھ اسٹار کمانڈر ’موف جرجیرڈ‘ کے کردار سے عالمی شہرت حاصل ہوئی تاہم وہ برطانیہ کے صف اول کے کلاسیکی اداکاروں میں شمار کیے جاتے تھے اور رائل شیکسپیئر کمپنی کے اعزازی ایسوسی ایٹ آرٹسٹ بھی تھے۔
انہوں نے معروف تھیٹر ڈائریکٹر مائیکل بوگدانوف کے ساتھ مل کر ’انگلش شیکسپیئر کمپنی‘ کی بنیاد رکھی اور کئی دہائیوں تک برطانیہ اور دنیا بھر میں شیکسپیئر کے ڈراموں میں یادگار پرفارمنس پیش کرتے رہے،ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
مائیکل پیننگٹن سنہ 1943 میں انگلینڈ کے شہر کیمبرج میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے ٹی وی کیریئر کا آغاز 1965 میں بی بی سی کی منی سیریز ’دی وار آف دی روزز‘ سے کیا اپنے طویل فنی سفر کے دوران وہ 70 سے زائد فلموں اور ٹی وی پروڈکشنز میں نظر آئے، ان کی نمایاں فلموں میں ’دی آئرن لیڈی‘ بھی شا مل ہے جس میں انہوں نے معروف ہالی ووڈ اداکارہ میریل اسٹریپ کے ساتھ کام کیا اس فلم پر میریل اسٹریپ کو بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ بھی ملا تھا۔
پیننگٹن نے تھیٹر میں معروف اداکارہ جوڈی ڈینچ اور ان کے مرحوم شوہر مائیکل ولیمز کے ساتھ بھی متعدد ڈراموں میں کام کیا جن میں ’کنگ لیئر‘ خاص طور پر شامل ہے سنہ 2015 میں ایک انٹرویو کے دوران مائیکل پیننگٹن نے بتایا تھا کہ جوڈی ڈینچ کو ’ہیملیٹ‘ میں اداکاری کرتے دیکھ کر ہی انہیں اداکار بننے کا شوق پیدا ہوا۔
ان کا آخری کریڈٹڈ کردار 2022 میں سائنس فکشن ٹی وی سیریز ’ریزڈ بائی وولوز‘ میں تھا جس میں انہوں نے ’دی ٹرسٹ‘ نامی کردار کو اپنی آواز دی تھی وہ اس کردار میں اسکرین پر نظر نہیں آئے بلکہ صرف وائس اوور کے ذریعے شامل تھے اور یہی ان کا آخری باضابطہ کا کام تھا جسے ان کے نام کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا۔
