Baaghi TV

لاہور میں 4 کروڑ کی چوری کا معمہ حل، گھریلو ملازمہ ہی ماسٹر مائنڈ نکلی

‎لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں 4 کروڑ روپے مالیت کی بڑی نقب زنی کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔ حیران کن طور پر واردات کی مرکزی ملزمہ گھر میں کام کرنے والی ملازمہ آمنہ نکلی، جس نے اپنے بہن بھائی کے ساتھ مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی تھی۔
‎ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ آمنہ سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں آمنہ کی بہن جنت اور بھائی علی حسن بھی شامل ہیں۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ آمنہ کافی عرصے سے گھر میں ملازمت کر رہی تھی اور اس دوران اس نے گھر کے معمولات، مالکن کی مصروفیات اور قیمتی سامان رکھنے کی خفیہ جگہوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر لی تھیں۔
‎تحقیقات کے مطابق واردات کے روز گھر کی مالکن دیگر ملازمین کو چھٹی دے کر اپنے والد کے گھر گئی تھیں۔ واپسی پر انہوں نے دیکھا کہ گھر سے 80 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے نقدی غائب تھی، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
‎پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کیں تو دورانِ تفتیش ملازمہ آمنہ کے بیانات میں تضاد سامنے آیا، جس سے اس پر شک مزید بڑھ گیا۔ مزید پوچھ گچھ اور تفتیش کے دوران ملزمہ نے مبینہ طور پر واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔
‎ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ چوری کی تھی اور زیورات و نقدی کو مختلف مقامات پر چھپایا گیا تھا۔ پولیس نے الکبیر ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ طلائی زیورات اور نقد رقم برآمد کر لی ہے۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس گروہ کا تعلق کسی اور واردات سے بھی ہے یا نہیں۔

More posts