Baaghi TV

‎باکو میں مریم نواز کا شاندار سفارتی استقبال، آذربائیجان سے تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

cm

‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچنے پر شاندار سفارتی استقبال کیا گیا، جہاں انہوں نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے اہم ملاقات کی۔
‎ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
‎دونوں اطراف کے درمیان سیاسی، اقتصادی، سفارتی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔
‎مریم نواز شریف نے صدر الہام علیئیف کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں اور سلام کا پیغام پہنچایا، جس پر آذربائیجان کے صدر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا سلام بھی پاکستانی قیادت تک پہنچانے کی درخواست کی۔
‎صدر الہام علیئیف نے اس موقع پر اپنے والد اور آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیئیف اور نواز شریف کے درمیان دوستانہ تعلقات کو بھی یاد کیا۔
‎وزیراعلیٰ پنجاب نے اقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم کے 13ویں اجلاس میں شرکت کی دعوت پر آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور فورم کے شاندار انتظامات کو سراہا۔
‎مریم نواز شریف نے کہا کہ باکو ثقافت، تاریخ اور جدید شہری منصوبہ بندی کا حسین امتزاج ہے، جس نے ان پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔
‎ملاقات کے دوران حالیہ ایران امریکا کشیدگی کے بعد خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی سفارتی کوششوں کو علاقائی استحکام کیلئے اہم قرار دیا گیا۔
‎اس موقع پر آذربائیجان کے “آسان خدمت” ماڈل کی طرز پر پاکستان میں جدید سہولت مراکز کے قیام سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
‎مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں توازن برقرار رکھنے کیلئے نہایت اہم اسٹریٹجک حیثیت رکھتا ہے، جبکہ مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہونے کے باعث عالمی سطح پر بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا کشیدگی میں امن، تدبر اور مذاکرات کی حمایت کر کے ایک ذمہ دار ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔
‎صدر الہام علیئیف نے بھی پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی تعاون کو خطے کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

More posts