امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پراسرار اور دھمکی آمیز پیغام جاری کر دیا، جسے مبصرین خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ایک تصویر میں صدر ٹرمپ کو ایک بحری جہاز میں موجود دکھایا گیا، جبکہ اس کے ساتھ تحریر تھا: ’’یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی تھی۔‘‘
ایک اور تصویر میں ٹرمپ کو ہاتھ کے اشارے کے ساتھ دکھایا گیا، جہاں وہ اپنی معروف “Make America Great Again” یعنی ’’امریکا کو دوبارہ عظیم بناؤ‘‘ کیپ پہنے ہوئے نظر آئے۔
اگرچہ صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کسی ملک کا نام نہیں لیا، تاہم سیاسی تجزیہ کار اس بیان کو ایران اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ٹرمپ کے اس پیغام کے بعد مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں، جبکہ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر آنے والے امریکی اقدامات یا پالیسی اشاروں کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر ماضی میں بھی اسی نوعیت کے سخت اور مبہم بیانات کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کرتے رہے ہیں، خاص طور پر ایران، چین اور دیگر عالمی معاملات پر۔
سیاسی ماہرین کے مطابق ایسے بیانات عالمی منڈیوں، سفارتی ماحول اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ پہلے ہی شدید کشیدگی کا شکار ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں نے اس پوسٹ کو طاقت اور قیادت کا اظہار قرار دیا، جبکہ ناقدین نے اسے غیر ضروری اشتعال انگیزی سے تعبیر کیا ہے۔
طوفان سے پہلے کی خاموشی، ٹرمپ کا پراسرار اور دھمکی آمیز پیغام
