کراچی کے علاقے سی ویو میں پیش آنے والے ہٹ اینڈ رن حادثے کے مرکزی ملزم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سندھ سے فرار ہو کر بلوچستان پہنچ چکا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے میں ملوث ملزم کی شناخت نعمان علی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا اور اس نے اپنے دوستوں سے بھی مدد طلب کی تھی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم گاڑی کو چھپانے کے بعد ڈیفنس فیز 7 میں اپنے ایک دوست کے گھر گیا تھا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کے نام پر ایک کورولا اور ایک ریوو گاڑی رجسٹرڈ ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ملزم کی لوکیشن ٹریس ہونے پر وہاں چھاپہ مارا گیا، تاہم وہ پولیس پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گیا۔
حکام کے مطابق ملزم اب بلوچستان فرار ہو چکا ہے، تاہم اس کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں اور پولیس نے جلد گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ افسوسناک حادثہ 14 مئی کی رات سی ویو روڈ پر خیابان بخاری کے موڑ کے قریب پیش آیا تھا، جہاں ایک تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی نے دوسری گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔
حادثے کے نتیجے میں سلمان نامی نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ گاڑی میں موجود دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔
حادثے کے بعد ملزم اپنی گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ہٹ اینڈ رن کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
سی ویو ہٹ اینڈ رن کیس، مفرور ڈرائیور بلوچستان فرار
