ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کبھی کسی غیر ملکی طاقت کے سامنے نہیں جھکے گا اور نہ ہی آرام و آسائش کیلئے اپنی عزت اور خودمختاری قربان کرے گا۔
اپنے بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران منطق، سفارتکاری اور عوامی طاقت کے ذریعے دنیا کے ساتھ تعلقات آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سچ بولنا ضروری ہے کیونکہ محض نعرے بازی منطقی مکالمے اور سنجیدہ سفارتکاری کا متبادل نہیں ہو سکتی۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں قومی وقار، خودمختاری اور عوامی اتحاد ایران کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے توانائی بحران اور ملکی کھپت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں توانائی کا استعمال یورپی ممالک کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر توانائی کی قلت سے بچنا ہے تو ملک کو اپنی توانائی پالیسی اور استعمال کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہوگا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وسائل کے مؤثر استعمال اور بچت کو قومی ذمہ داری سمجھا جائے تاکہ مستقبل میں توانائی بحران سے بچا جا سکے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق صدر پزشکیان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کو خطے میں بڑھتی کشیدگی، عالمی دباؤ اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ایران کسی غیر ملکی طاقت کے سامنے نہیں جھکے گا، صدر پزشکیان
