پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک بااثر شخصیت کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اداکارہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مومنہ اقبال کے مطابق انہیں کافی عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود مطلوبہ شخص کے سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ قانونی مدد فراہم کرنے کے بجائے انہیں حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ان کے خاندان کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔
مومنہ اقبال نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ان کے اہل خانہ کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اعلیٰ حکام اختیارات کے ناجائز استعمال اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مختلف سرکاری اداروں، نیوز چینلز اور میڈیا پورٹلز کو بھی ٹیگ کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد اداکارہ کے حق میں سامنے آ گئی ہے اور سیاسی شخصیات و حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ قتل کی دھمکیاں، حکام سے کارروائی کا مطالبہ
