Baaghi TV


جی ایچ کیو حملہ کیس میں جعلی شورٹی بانڈ کا انکشاف

‎راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جعلی شورٹی بانڈ جمع کرانے کے معاملے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
‎انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ عدالت کے ساتھ کسی بھی قسم کا دھوکہ یا فراڈ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
‎عدالت کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس کے سزا یافتہ اور اشتہاری مجرم چوہدری آصف علی کے ضامن آغا عمار الحق نے ضمانت کے لیے چک جلال الدین کی اراضی سے متعلق جو شورٹی بانڈ جمع کرایا تھا، وہ سرکاری ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں جعلی اور بوگس ثابت ہوا۔
‎عدالت نے فوری طور پر آغا عمار الحق کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے عدالتی کارروائی کو متاثر کرنے کی کوشش سنگین جرم ہے۔
‎عدالتی ریکارڈ کے مطابق مرکزی مجرم چوہدری آصف علی دورانِ ٹرائل مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے اسے اشتہاری قرار دیتے ہوئے پہلے ہی 10 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔ مجرم اس وقت بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب اور مفرور ہے۔
‎جج امجد علی شاہ نے مزید حکم دیا کہ مقدمے میں شامل دیگر 12 اشتہاری ملزمان کے ضمانتی مچلکے بھی فوری طور پر ضبط کیے جائیں۔
‎عدالت نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مفرور ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے تاکہ انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
‎قانونی ماہرین کے مطابق جعلی شورٹی بانڈ کا معاملہ عدالتی نظام کے لیے ایک اہم چیلنج سمجھا جا رہا ہے، جس پر عدالت نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

More posts