Baaghi TV


این ڈی ایم اے کا بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا الرٹ جاری

‎نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں متوقع شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
‎این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
‎الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 26 سے 31 مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ہنگو اور پاراچنار سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
‎گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی شدید موسمی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ بھی موجود ہے۔
‎این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور شگر ویلی روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثر ہو سکتی ہیں۔
‎پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 28 سے 31 مئی کے دوران بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
‎بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، خضدار اور تربت جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور مٹھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
‎این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ہنزہ، غذر، دیامیر، شگر، چترال، سوات اور کوہستان سمیت مختلف علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
‎اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

More posts