ایرانی پاسداران انقلاب بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آئل ٹینکرز، کنٹینر بردار جہازوں اور دیگر تجارتی بحری جہازوں سمیت 35 جہازوں نے آبنائے ہرمز کو عبور کیا۔
ویب ڈیسک کے مطابق پاسداران بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام جہاز ایرانی حکام کی اجازت اور نگرانی کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرے۔ بیان میں کہا گیا کہ بحری ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے اور جہازوں کی نقل و حرکت کو منظم انداز میں مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق گزرنے والے جہازوں میں آئل ٹینکرز، کنٹینر بردار جہاز اور مختلف تجارتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہاز شامل تھے۔
پاسداران بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی اور نگرانی کے اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں تاکہ خطے میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے اور عالمی بحری تجارت کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔
یاد رہے کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز حالیہ دنوں میں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہ بحری راستہ دنیا کی اہم ترین گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار مختلف ممالک تک پہنچائی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا کشیدگی عالمی توانائی مارکیٹ، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
24 گھنٹوں میں 35 جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے، پاسداران انقلاب
