اسرائیلی دفاعی افواج نے جنوبی لبنان کے 10 دیہات کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقے خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
آئی ڈی ایف کے عربی زبان کے ترجمان اویخائے ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث اسرائیلی فوج سخت کارروائی کرنے پر مجبور ہو رہی ہے۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنے گھروں سے نکل جائیں اور کم از کم ایک ہزار میٹر دور کھلے مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان 15 مئی کو جنگ بندی میں 45 روز کی توسیع پر اتفاق کیا گیا تھا جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان جون کے آغاز میں مذاکرات دوبارہ شروع ہونا تھے۔
تاہم جنگ بندی کے باوجود سرحدی علاقوں میں کشیدگی برقرار رہی اور گزشتہ ماہ سے اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ اور حملوں کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔
علاقائی مبصرین کے مطابق حالیہ انخلا کے احکامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جنوبی لبنان میں صورتحال دوبارہ خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان تناؤ پہلے ہی بڑھا ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دیہات خالی کرنے کے اعلانات کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ متعدد خاندان محفوظ علاقوں کی جانب منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان کے 10 دیہات خالی کرنے کا حکم دے دیا
