Baaghi TV


ٹرمپ نے اوباما ایران معاہدے کو امریکی تاریخ کی بدترین ڈیل قرار دے دیا

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوباما دور کے ایران جوہری معاہدے کو امریکی تاریخ کے بدترین معاہدوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے نے ایران کے لیے جوہری ہتھیار بنانے کا راستہ ہموار کیا تھا۔
‎سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ کے تحت ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اوباما دور کی پالیسی سے مکمل طور پر مختلف ہیں اور اب معاملات زیادہ منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
‎انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات تعمیری انداز میں جاری ہیں اور امریکی نمائندوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی جلد بازی کے بغیر درست معاہدے تک پہنچا جائے کیونکہ وقت امریکا کے حق میں ہے۔
‎ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی حتمی معاہدے، تصدیق اور دستخط سے قبل تمام پابندیاں اور اقتصادی محاصرہ پوری شدت کے ساتھ برقرار رکھا جائے گا۔
‎امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو واضح طور پر سمجھنا ہوگا کہ اسے کسی صورت جوہری ہتھیار یا ایٹم بم بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
‎انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے تعلقات اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ پیشہ ورانہ اور تعمیری رخ اختیار کر رہے ہیں، تاہم کسی بھی معاہدے میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
‎ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں تعاون اور سفارتی روابط تاریخی ابراہم اکارڈز کے ذریعے مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔
‎انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے مستقبل میں اسلامی جمہوریہ ایران بھی ابراہم اکارڈز کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کرے۔
‎سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

More posts