نقیب محسود قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی بریت کے خلاف دائر اپیلوں کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتول نقیب محسود کے صاحبزادے نے اپنے چچا کی حمایت میں سندھ ہائیکورٹ میں بیانِ حلفی جمع کرا دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران مقتول کے کمسن بیٹے عاطف کی جانب سے جمع کرائے گئے بیانِ حلفی میں کہا گیا کہ انہیں اپنے چچا کی جانب سے دائر اپیلوں پر کوئی اعتراض نہیں۔
بیانِ حلفی میں عاطف نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس وقت کم عمر تھے جبکہ ان کی والدہ معاشرتی روایات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، اسی لیے دادا کے انتقال کے بعد ان کے چچا نے قانونی کارروائی آگے بڑھائی۔
سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ اپیلیں مقتول کے بھائی کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے راؤ انوار اور دیگر ملزمان کو بری کر دیا تھا، جس کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں زیرِ سماعت ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی جبکہ عاطف کی جانب سے جمع کرایا گیا بیانِ حلفی بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نقیب محسود قتل کیس پاکستان کے نمایاں مقدمات میں شمار ہوتا ہے، جس نے پولیس مقابلوں اور انسانی حقوق کے معاملات پر ملک بھر میں شدید بحث کو جنم دیا تھا۔
نقیب محسود کیس میں راؤ انوار کی بریت کے خلاف اپیل کو نئی حمایت مل گئی
