Baaghi TV


اسرائیلی وزرا کا لبنان میں دوبارہ جنگ شروع کرنے کا مطالبہ

‎اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اتمار بن گویر نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ لبنان میں دوبارہ جنگ شروع کی جائے اور اس حوالے سے امریکی صدر کو بھی آگاہ کیا جائے۔
‎سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اتمار بن گویر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل لبنان میں دوبارہ بھرپور کارروائی کی جانب بڑھے۔
‎انہوں نے کہا کہ لبنان میں بجلی مکمل طور پر بند کی جانی چاہیے جبکہ بیروت کے جنوبی علاقے داحیہ پر مکمل قبضہ ضروری ہے۔
‎داحیہ کا علاقہ حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں بھی اسرائیلی حملوں کا مرکز رہ چکا ہے۔
‎دوسری جانب اسرائیلی وزیر خزانہ نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے بیروت میں 10 عمارتوں کو تباہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
‎انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کو حزب اللہ کے خطرے سے مکمل طور پر نجات حاصل کرنا ہوگی۔
‎ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر فاسفورس میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
‎مقامی ذرائع کے مطابق حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
‎عالمی انسانی حقوق تنظیمیں ماضی میں بھی فاسفورس ہتھیاروں کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہیں کیونکہ ان سے شہری آبادی اور ماحولیات کو سنگین نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
‎سیاسی مبصرین کے مطابق اسرائیلی وزرا کے حالیہ بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں اور اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو مشرقِ وسطیٰ میں ایک نیا بڑا بحران جنم لے سکتا ہے۔

More posts