Baaghi TV

راجوری ، کشمیری مجاہدین اوربھارتی فوج کے درمیان معرکۂ چھٹے روز بھی جاری

مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع راجوری کے علاقے گمبھیر مغلاں اور ڈوری مال کے گھنے جنگلات میں مجاہدینِ اسلام اور قابض ہندوستانی افواج کے درمیان خونریز معرکۂ حق و باطل چھٹے روز بھی جاری ہے۔ سرفروش مجاہدین کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان اُٹھانے کے بعد قابض فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان کی جانب سے علاقے میں ہر طرح کی جدید جنگی ٹیکنالوجی اور ڈرونز کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم کٹھن جغرافیائی حالات اور گھنے جنگلات کے باعث قابض فورسز کو تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی جبکہ دوسری جانب تازہ دم مجاہدین دشمن فورسز پر کاری ضربیں لگانے کے لیے بدستور پُرعزم ہیں۔

​شدید جھڑپوں کے پیشِ نظر دشمن حکام نے راجوری اور پونچھ کے تمام حساس علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور جڑواں اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر مزید فوجی نفری تعینات کر کے ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، پورے جنگلاتی سلسلے کی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے جس سے پورے علاقے میں شدید تناؤ کی کیفیت برقرار ہے۔ علاقے میں سخت فوجی محاصرے کے باعث مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے : حریت کانفرنس

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرِقبضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن کشمیری عوام بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے اور اپنی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اور ہراساں کیے جانے سے مظلوم کشمیریوں کو ذہنی اذیت اور شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے پُرتشدد اور سفاکانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور اُنہیں بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکار پیراملٹری فورسز کے ساتھ مل کر جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عام شہریوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں اور مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگوں کے تمام سیاسی اور سماجی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔ ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ جموں کشمیر کی جیلوں میں نظربند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کو تنازعہ کشمیر پر ان کے دوٹوک مؤقف کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کشمیری رہنماؤں کو قربانی کا بکرابنا رہی ہے۔

More posts