Baaghi TV

بنگلہ دیش،بھینسا”ٹرمپ”قربانی سے بچ گیا

بنگلہ دیش میں سنہرے بالوں کی وجہ سے "ڈونلڈ ٹرمپ” کے نام سے مشہور ہونے والے ایک بھینسے کو قربانی سے بچا لیا گیا ہے، اور اب اسے قومی چڑیا گھر میں رکھا جائے گا۔

جنوبی ایشیا کے مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش، جس کی آبادی تقریباً 17 کروڑ ہے، میں عیدالاضحیٰ جمعرات کو منائی جا رہی ہے۔700 کلوگرام وزنی یہ نایاب سفید رنگ کا بھینسا، جس کے سر پر ہلکے سنہرے بال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مخصوص ہیئر اسٹائل سے مشابہت رکھتے ہیں، عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔تاہم قربانی سے چند گھنٹے قبل حکومت نے مداخلت کرتے ہوئے اس جانور کو بچا لیا، جو سوشل میڈیا پر غیرمعمولی شہرت حاصل کر چکا تھا۔قومی چڑیا گھر کے کیوریٹر عتیق الرحمٰن نے بتایا کہ اس بھینسے کی خصوصی دیکھ بھال کی جائے گی۔

انہوں نے بدھ کے روز اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہم نے اس سفید بھینسے کے لیے ایک مخصوص باڑا مختص کیا ہے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے ایک نگہبان بھی مقرر کیا گیا ہے۔ اسے دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔”

بنگلہ دیش میں لوگوں کی بڑی تعداد اس منفرد جانور کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے امڈ آئی تھی، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی یہ بھینسا خاص توجہ کا مرکز بنا رہا۔38 سالہ سابق مالک ضیاء الدین مردھا نے بتایا کہ اس کے بھائی نے اس بھینسے کا نام "ٹرمپ” اس کے "غیرمعمولی بالوں” کی وجہ سے رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین، بچوں اور عام لوگوں کی بڑی تعداد روزانہ اس جانور کو دیکھنے کے لیے آتی تھی۔تاہم عیدالاضحیٰ سے قبل انہوں نے یہ بھینسا فروخت کر دیا تھا۔بعد ازاں حکومت کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھینسے کو تحویل میں لے لیا۔

ڈھاکا کے پولیس افسر محمد روح الحق قدوس نے اے ایف پی کو بتایا، "لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے ہم سے درخواست کی کہ اس نایاب جانور کو مالک سے لے لیا جائے۔”انہوں نے مزید کہا، "محکمہ کا مؤقف تھا کہ یہ سفید بھینسا ابھی بہت کم عمر ہے اور اسے مزید کئی سال تک پالا جا سکتا ہے۔”

عیدالاضحیٰ کے دوران بنگلہ دیش میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد جانور، جن میں بکرے، بھیڑیں، گائیں اور بھینسے شامل ہیں، قربان کیے جانے کی توقع ہے۔ اس موقع پر غریب خاندانوں کو بھی گوشت کھانے کا نادر موقع ملتا ہے۔

More posts