Baaghi TV


بجٹ میں عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عوام پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ٹیکس بڑھانے کے بجائے انفورسمنٹ اور کمپلائنس پر توجہ دی جائے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں حکومت کی کوشش ہے کہ نئے ٹیکسز کے بجائے ٹیکس نظام کو بہتر بنایا جائے اور ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لائی جائے۔
‎انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں انفورسمنٹ اور کمپلائنس کے ذریعے محصولات بڑھانے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ عام آدمی پر اضافی دباؤ نہ پڑے۔
‎ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی سطح پر متحرک کردار ادا کر رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو سراہا جا رہا ہے۔
‎انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ تنقید برائے تنقید کے بجائے معاشی استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالا جا سکے۔
‎زرعی شعبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
‎انہوں نے بتایا کہ بعض کاشتکار فی ایکڑ گندم کی پیداوار 60 سے 70 من تک لے جا چکے ہیں، جو اس شعبے میں بہتری کی بڑی مثال ہے۔
‎وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف زرعی شعبے کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور حکومت زراعت کو مضبوط بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھی تو ملکی ایکسپورٹ پوٹینشل میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔
‎ماہرین کے مطابق آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف، مہنگائی کنٹرول اور زرعی ترقی اہم نکات کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔

More posts