Baaghi TV


قطری امیر اور ٹرمپ کا رابطہ، پاکستان کی سفارت کاری کو سراہا گیا

‎قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎امیرِ قطر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی، سفارتی کوششوں اور امن کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی۔
‎شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اس موقع پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں مزید کشیدگی اور تصادم سے بچنے کے لیے تمام فریقین کو مکالمے، سفارت کاری اور سیاسی حل کو ترجیح دینی چاہیے۔
‎بیان میں کہا گیا کہ قطری امیر نے خطے کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت اجاگر کی۔
‎دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کے کردار کو سراہا اور اس کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کی۔
‎بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان کی ثالثی کوششوں میں قطر کے تعاون اور کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
‎امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور قطر کی جانب سے خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی کوششیں مثبت نتائج کی جانب پیش رفت میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
‎سیاسی مبصرین کے مطابق ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری تناؤ کے دوران قطر اور پاکستان دونوں ممالک سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں علاقائی طاقتوں کی جانب سے مذاکرات اور ثالثی کی کوششیں مشرقِ وسطیٰ میں کسی بڑے تصادم کو روکنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

More posts