وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے تیسرے روز عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر میں صارفین کو ایندھن کی خریداری پر نمایاں ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوئی، حکومت نے فوری طور پر عوام کو اس کا فائدہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی اور حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے شہریوں کو بھی ایندھن کے شعبے میں ریلیف فراہم کیا ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا رجحان جاری ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں ممکنہ توسیع اور سفارتی پیش رفت کی خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہو کر 91.77 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 87.78 ڈالر فی بیرل تک آ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی نے درآمدی ممالک کے لیے مثبت صورتحال پیدا کی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ اخراجات، کاروباری لاگت اور مہنگائی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پیٹرول اور ڈیزل 22 روپے فی لیٹرسستا
