Baaghi TV

‎بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

‎بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں پہلی بار ایک امریکی ڈالر کی قیمت 97 بھارتی روپے تک جا پہنچی۔ کرنسی کی اس غیر معمولی گراوٹ نے مالیاتی منڈیوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ بھارتی مرکزی بینک کو صورتحال سنبھالنے کے لیے مداخلت کرنا پڑی۔
‎غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے روپے کی مسلسل گرتی ہوئی قدر کو سہارا دینے کے لیے زرمبادلہ مارکیٹ میں مداخلت کی، تاہم اس کے باوجود بھارتی کرنسی دباؤ کا شکار رہی۔
‎اس سے قبل مئی 2026 میں بھارتی روپیہ 96 روپے 96 پیسے فی ڈالر کی سطح تک گر گیا تھا، جو اس وقت تک کی کم ترین سطح تھی۔ تاہم حالیہ گراوٹ کے بعد روپیہ مزید کمزور ہو کر 97 روپے فی ڈالر تک پہنچ گیا، جسے ملکی تاریخ کی بدترین سطح قرار دیا جا رہا ہے۔
‎معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے، امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی طلب، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے انخلا اور درآمدی اخراجات میں اضافے نے بھارتی روپے پر شدید دباؤ ڈالا ہے۔ بھارت اپنی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے، اس لیے تیل کی بڑھتی قیمتیں ملکی کرنسی پر مزید منفی اثر ڈال رہی ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مالیاتی حالات اور توانائی کی قیمتوں میں استحکام نہ آیا تو بھارتی روپے کو آئندہ بھی دباؤ کا سامنا رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں درآمدات مہنگی اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

More posts