ترکیہ کے شہر استنبول میں امریکی ریپر اور گریمی ایوارڈ یافتہ فنکار کانئیے ویسٹ کے شاندار کنسرٹ نے مداحوں کی غیر معمولی شرکت کے باعث نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
استنبول کے معروف اتاترک اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے اس میگا میوزک ایونٹ میں تقریباً ایک لاکھ 18 ہزار افراد نے شرکت کی، جسے حالیہ برسوں کے سب سے بڑے موسیقی پروگراموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
کنسرٹ میں نہ صرف ترکیہ بلکہ دنیا کے مختلف ممالک سے بھی مداحوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکا میں روس، قازقستان، برطانیہ، جرمنی، امریکا اور پولینڈ سمیت کئی ممالک سے آنے والے موسیقی کے شوقین افراد شامل تھے۔
رات بھر جاری رہنے والے اس رنگا رنگ پروگرام میں جدید لیزر لائٹ شو، شاندار اسٹیج پرفارمنس اور موسیقی کے منفرد امتزاج نے حاضرین کو محظوظ کیے رکھا۔
مشہور امریکی ریپر ٹریوس اسکاٹ نے بھی کنسرٹ میں خصوصی پرفارمنس پیش کی، جس پر مداحوں نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
اپنی پرفارمنس کے دوران کانئیے ویسٹ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنسرٹ میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی اس ایونٹ کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں مداح اسے سال کا سب سے بڑا میوزیکل ایونٹ قرار دے رہے ہیں۔
موسیقی کے ماہرین کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کے بڑے کنسرٹس نہ صرف تفریحی صنعت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ سیاحت اور مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
استنبول میں کانئیے ویسٹ کے کنسرٹ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
