Baaghi TV

صدر مملکت کی اطالوی قومی دن پر اٹلی کی قیادت اور عوام کو مبارکباد

pak

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے صدر سرجیو میتاریلا اور اٹلی کے عوام کو یومِ جمہوریہ پر مبارکباد دی ہے-

​ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق ​صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو کہ باہمی اعتماد، تعاون اور امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں یہ دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

​صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے روابط کو بہت اہمیت دیتا ہے اور بین الاقوامی تعاون، مذاکرات اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے یورپی یونین میں اٹلی کے تعمیری کردار کو انتہائی سراہتا ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھی اٹلی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے بیان میں محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اٹلی پاکستان کا ایک اہم یورپی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں پاکستان اٹلی کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافتی روابط کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اطالوی قومی دن دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے مزید فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ برادری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان اٹلی کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور عوامی سطح کے روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جو مشترکہ ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مضبوط تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ دیرینہ دوستی مستقبل میں مزید مضبوط اور نتیجہ خیز شراکت داری میں تبدیل ہوگی، انہوں نے اطالوی قومی دن پر پاکستان اور اٹلی کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اٹلی کا یومِ جمہوریہ ہر سال 2 جون کو منایا جاتا ہے یہ دن 1946 میں ہونے والے اس تاریخی ریفرنڈم کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس میں اطالوی عوام نے بادشاہت کو ختم کر کے جمہوری نظامِ حکومت کا انتخاب کیا تھا مرکزی تقریب دارالحکومت روم میں منعقد ہوتی ہے، جہاں اطالوی صدر کی جانب سے ‘تومبے دی آلتارے’ (Altar of the Fatherland) پر پھولوں کی چادر چڑھائی جاتی ہے، اس موقع پر ایک شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اطالوی فضائیہ کے جیٹ طیارے آسمان پر اٹلی کے پرچم کے رنگ (سرخ، سفید اور سبز) بکھیرتے ہوئے کرتب دکھاتے ہیں-

More posts