Baaghi TV


موٹروے زیادتی کیس، مجرموں کو سزا مل گئی، پراسیکیوٹر جنرل

‎پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کو قانونی طور پر منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا ہے اور ملزمان کو سخت ترین سزائیں دلوائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بعد خواتین کے تحفظ کے حوالے سے ایک مضبوط پیغام گیا ہے اور اب ایسے واقعات پر متاثرہ خاتون کو موردِ الزام ٹھہرانے کی روایت کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
‎پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرہاد علی شاہ نے کہا کہ موٹروے پر خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا تھا۔ اس کیس نے ریاستی اداروں کے لیے ایک بڑا امتحان پیدا کر دیا تھا، تاہم تمام متعلقہ اداروں نے مل کر ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
‎انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ایک شہری کی ون فائیو کال موصول ہوئی جس پر پولیس اور دیگر ادارے متحرک ہوئے۔ متاثرہ خاتون کی فراہم کردہ معلومات اور مشتبہ افراد کے حلیوں کی بنیاد پر فرانزک ماہرین نے شواہد اکٹھے کیے اور جدید سائنسی طریقوں سے تحقیقات کو آگے بڑھایا۔
‎فرہاد علی شاہ کے مطابق مرکزی ملزم عابد ملہی کا ڈی این اے جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد سے مطابقت رکھتا تھا، جس نے کیس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرے ملزم شفقت بگا کو کال ڈیٹا ریکارڈ کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد تفتیش اور عدالتی کارروائی مکمل کی گئی۔
‎پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ پراسکیوشن ٹیم نے دن رات محنت کر کے مضبوط شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے، جس کے نتیجے میں ملزمان کو سخت سزائیں سنائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مقدمات میں سائنسی شواہد، فرانزک تجزیے اور مؤثر قانونی پیروی انصاف کی فراہمی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
‎انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا جرم کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی جائے۔ ان کے مطابق اس کیس میں بھی ایک عام شہری کی بروقت اطلاع نے تحقیقات کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا اور یہی ذمہ داری معاشرے کو محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

More posts