پاکستان اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے درمیان 320 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ یہ رقم ملک کے اہم این 5 ہائی وے بحالی منصوبے پر خرچ کی جائے گی، جس کا مقصد قومی شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانا ہے۔
معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احد چیمہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ این 5 ہائی وے پاکستان کی اہم ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے، جو سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف اندرون ملک ٹرانسپورٹ رابطے مضبوط ہوں گے بلکہ علاقائی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ این 5 بحالی منصوبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور مختلف صنعتی و تجارتی مراکز کے درمیان سفر اور مال برداری کو مزید آسان بنائے گا۔ اس سے کاروباری لاگت میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
احد چیمہ کے مطابق منصوبے میں جدید انجینئرنگ معیار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی ڈیزائن اختیار کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے شاہراہ کو مستقبل کے موسمی چیلنجز اور بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ این 5 منصوبہ پاکستان کے پائیدار انفراسٹرکچر وژن کا اہم حصہ ہے۔ حکومت ملک کے مواصلاتی نظام کو جدید بنانے اور قومی شاہراہوں کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید تقویت مل سکے۔
این 5 ہائی وے منصوبے کے لیے 320 ملین ڈالر قرض معاہدہ
