Baaghi TV

بلاول کی ننھے یوٹیوبر شیراز اور مسکان سے ملاقات

گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معروف ننھے یوٹیوبر شیراز اور ان کی بہن مسکان سے ملاقات کی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے شیراز سے خوشگوار گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی سے ان کے ویڈیوز دیکھتے اور انہیں فالو کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے شیراز کو اپنا بڑا مداح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے مل کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے شیراز کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا سوشل میڈیا باقاعدگی سے دیکھتے ہیں اور یہ جان کر خوشی ہوتی ہے کہ کم عمری کے باوجود شیراز نہ صرف محنت سے شہرت حاصل کر رہے ہیں بلکہ اپنے علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شیراز نے اپنے علاقے میں پانی کی فراہمی اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے قابلِ تعریف اقدامات کیے ہیں، جو دوسروں کے لیے بھی ایک مثال ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام سے خصوصی محبت رکھتے تھے اور انہوں نے علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح ان کے بزرگوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی، وہ بھی اسی روایت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور اگر موقع ملا تو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

More posts