وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے یا اس سے کم فروخت رکھنے والے کاروباری افراد آسان ٹیکس نظام سے مستفید ہو سکیں گے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ یہ اسکیم انجمن تنظیم تاجران کے مطالبے اور مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس اسکیم کے تحت اہل دکانداروں پر ایک فیصد فکس ٹیکس عائد ہوگا جبکہ پہلے سے کٹے ہوئے ود ہولڈنگ ٹیکس کو اس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اسکیم کے تحت کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ زیادہ ٹرن اوور رکھنے والے دکانداروں سے ایک فیصد شرح کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے لیے صرف ایک صفحے پر مشتمل فارم متعارف کرایا گیا ہے جس میں دکاندار اپنی سالانہ فروخت کی تفصیلات درج کریں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اس اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے ایک خصوصی پلیٹ جاری کی جائے گی جس پر دکاندار اور دکان کی تفصیلات درج ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فائلر اور نان فائلر دونوں قسم کے دکاندار اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔بلال اظہر کیانی کے مطابق اسکیم سے استفادہ کرنے کے لیے دکاندار کی ٹیکس ادائیگی کم از کم گزشتہ سال کے برابر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو دکاندار اس اسکیم میں شامل ہوں گے انہیں پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم سے استثنیٰ بھی حاصل ہوگا،اس اقدام کا مقصد چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا اور زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔
