Baaghi TV


نوجوان کے اکاؤنٹ میں اچانک 21 ارب ڈالر آ گئے

‎ترکیہ کے مشرقی صوبے وان میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک نوجوان کے بینک اکاؤنٹ میں اچانک 21 ارب ڈالر سے زائد رقم ظاہر ہونے پر نہ صرف وہ خود حیران رہ گیا بلکہ بینکاری حکام بھی فوری حرکت میں آ گئے۔ واقعے نے سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا میں بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
‎ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ احمد جہانگیر تاکالو، جو آذربائیجان کا شہری ہے، روزمرہ خریداری کے دوران اس وقت پریشان ہو گیا جب اس کا بینک کارڈ اچانک کام کرنا بند کر گیا۔ مسئلے کی وجہ جاننے کے لیے وہ فوری طور پر متعلقہ بینک کی شاخ پہنچا۔
‎بینک حکام نے جب اس کے اکاؤنٹ کی تفصیلات چیک کیں تو ایک غیر معمولی انکشاف سامنے آیا۔ ریکارڈ کے مطابق اس کے اکاؤنٹ میں 999 ارب، 999 ملین، 999 ہزار، 999 ترک لیرے اور 99 قروش کی خطیر رقم موجود تھی، جس کی مالیت تقریباً 21 ارب امریکی ڈالر بنتی ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 60 کھرب روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے۔
‎یہ غیر معمولی بیلنس دیکھ کر احمد جہانگیر خود بھی حیران رہ گیا۔ اس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے اس بات کا کوئی علم نہیں کہ اس کے اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم کیسے منتقل ہوئی۔ اس کے مطابق اس نے کبھی ایسی کوئی مالی لین دین نہیں کی جو اس رقم سے منسلک ہو۔
‎واقعے کے بعد بینک انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر متعلقہ اکاؤنٹس کو فوری طور پر منجمد کر دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ ساتھ ہی مالیاتی اداروں اور متعلقہ حکام نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
‎ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ بینکنگ سسٹم میں کسی تکنیکی خرابی، ڈیٹا انٹری کی غلطی یا سافٹ ویئر کے مسئلے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔
‎ماہرین کے مطابق جدید بینکاری نظام میں بعض اوقات تکنیکی خرابیوں کے باعث اکاؤنٹس میں غیر حقیقی بیلنس ظاہر ہو سکتا ہے، تاہم ایسے معاملات فوری طور پر درست کر لیے جاتے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر بینکنگ سسٹمز میں ڈیجیٹل نگرانی اور حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔

More posts