پنجاب میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد مسافروں کو دوبارہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
انچارج ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس پر مفت سفر کی سہولت کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرایوں کا دوبارہ اطلاق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی تمام ماس ٹرانزٹ سروسز پر ہوگا،عزیر شاہ نے بتایا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ٹرانسپورٹ سروسز کو عارضی طور پر مفت کیا گیا تھا، تاہم اب یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے اور مسافروں سے معمول کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عوام کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا تھا۔ اب حکومت کی جانب سے اس پالیسی کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ کرایہ نظام بحال کر دیا گیا ہے۔
