Baaghi TV

پاکستان کی مسقط ایکشن پلان کی حمایت

un pak

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلطنت عمان، اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے نسل کشی کی روک تھام کے دفتر اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔

مسقط ایکشن پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سلطنت عمان، اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے نسل کشی کی روک تھام کے دفتر اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مسقط ایکشن پلان رواداری،امن اور پرامن معاشروں کے قیام کے لیے ایک جدید اور مؤثر راستہ ہے، جو نفرت انگیز تقاریر اور تشدد پر اکسانے کے رجحانات کے خاتمے میں مدد دے سکتا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ نفرت انگیز بیانات اور نسل کشی جیسے جرائم کی ترغیب پیچیدہ عوامل سے جڑی ہوتی ہے، جن کا مؤثر اور جامع حل قومی و بین الاقوامی سطح پر مشترکہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ مقامی قیادت کے فعال کردار کا بھی متقاضی ہے،قبائلی عمائدین، سردار اور مقامی رہنما تاریخ میں ہمیشہ مقامی حکمرا نی، تنازعات کے حل اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں،اور آج بھی امن قائم کرنےتنازعات کم کرنے اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔

پاکستانی مندوب کے مطابق مسقط ایکشن پلان ایک ایسا جدید اقدام ہے جو روایتی اور مقامی قیادت کی ثقافتی ساکھ اور اثر و رسوخ کو بروئے کار لا کر نفرت انگیز تقاریر کے خلاف مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے،یہ منصوبہ ریاستی کوششوں کو مزید مضبوط بناتا ہے تاکہ منصفانہ، جامع اور پرامن معاشروں کی تشکیل ممکن ہو سکے پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نفرت انگیز نظریات کے خاتمے اور معاشروں کو امن، مساوات اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

More posts