Baaghi TV


18 ہزار 771 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش، اپوزیشن کا شدید احتجاج

fm

‎وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی، جس کے باعث ایوان میں شور شرابے کا ماحول دیکھنے میں آیا۔
‎قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی۔
‎بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں عالمی سطح پر اس کی آواز کو سنا جا رہا ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کی بہتری، بین الاقوامی اعتماد اور گزشتہ برس بھارت کے ساتھ کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کے مؤقف کا بھی ذکر کیا۔
‎حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 18 ہزار 771 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے لیے 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
‎اسی طرح مجموعی قومی آمدنی یا گراس ریونیو کا تخمینہ 20 ہزار 600 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ محصولات میں اضافے، اقتصادی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
‎بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان مسلسل نعرے بازی کرتے رہے اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے رہے۔ ایوان میں کئی مواقع پر شور شرابہ اتنا بڑھ گیا کہ وزیر خزانہ کو اپنی تقریر جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

More posts