واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹی اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو 300 ملین ڈالر فراہم کرنے کی باتیں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں بلکہ یہ جھوٹی خبر ڈیموکریٹس کی جانب سے پھیلائی گئی ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور نہ ہی اس کے پاس نیوکلیئر ہتھیار ہوں گے۔
دوسری جانب امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس سے ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ انہیں 300 ارب ڈالر کے تعمیرِ نو فنڈ تک رسائی حاصل ہوگی۔اس سوال کے جواب میں نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کو اس نوعیت کی سہولت یا فنڈ تک رسائی اسی صورت میں حاصل ہوسکتی ہے جب وہ اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں پر مکمل عمل درآمد کرے۔
